ملتان : سیکرٹری زراعت جنوبی پنجاب ثاقب علی عطیل کی زیر صدارت ایگریکلچر سیکرٹریٹ کے کمیٹی روم میں ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں کپاس کے آئی پی ایم نمائشی پلاٹس کی موجودہ صورت حال اور کاٹن کمپلینٹ / ایڈوائزری سیل کی کارکردگیکا جائزہ لیا گیا۔
اس موقع پر سیکرٹری زراعت جنوبی پنجاب ثاقب علی عطیل نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ملکی زرعی معیشت میں محکمہ زراعت کی فیلڈ فارمیشنز کی شبانہ روز محنت لائق تحسین ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہمارا مشن دیہی زرعی معیشت کو مضبوط کرنا اور کسانوں کی خوشحالی کیلئے عملی اقدامات اٹھانا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ محکمہ زراعت نے امسال بھی کپاس پر آئی پی ایم ٹیکنالوجی کے فروغ کیلئے بھر پور عملی اقدامات اٹھائے ہیں۔ صوبہ میں 1620 ایکڑ پر کپاس کے 260 آئی پی ایم نمائشی پلاٹس لگائے گئے ہیں جہاں پر ماہرین موقع پر جاکر باقاعدگی سے کاشتکاروں کو عملی رہنمائی فراہم کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ فصلو ں کی پیداواری لاگت میں کمی، ماحول دوست اور زیادہ شرح منافع کامیاب کاشتکاری کی بنیادہے جس کا حصول آئی پی ایم ٹیکنالوجی کے بغیر ناممکن ہے۔ موجودہ موسمیاتی تبدیلیوں کے باوجودگزشتہ 2سالوں سے آئی پی ایم ٹیکنالوجی ایک کامیاب ماڈل کے طور پر سامنے آئی ہے کیونکہ بائیو پیسٹی سائیڈز کے استعمال سے فائدہ مند کیڑوں کی تعداد میں خاطر خواہ اضافہ اور فی ایکڑ کم اخراجات اور زیادہ منافع سے کاشتکاروں کا حوصلہ بلند ہوا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ کاشتکاروں نے کپاس سمیت دیگر فصلوں کیلئے بھی آئی پی ایم ماڈل پر عملدرآمدشروع کردیا ہے جس کے فصلوں، ماحول اور پیداوار پر مثبت نتائج مرتب ہورہے ہیں۔
اس موقع پر متعلقہ افسران نے اپنی ڈویژنز میں کپاس کے آئی ایم نمائشی پلاٹوں کی موجودہ صورت حال بارے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ان پلاٹوں میں کپاس کی فصل پر ضرر رساں کیڑوں کے ہاٹ سپاٹس بہت کم ہیں البتہ سفید مکھی اور سبزتیلے کا حملہ مشاہدہ میں آرہا ہے جس کے کنٹرول کیلئے آئی پی ایم ماڈل کو اپنایا جا رہا ہے۔ بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ موسمی کاشتہ فصل سے 20 من فی ایکڑ سے زائد پیداوار حاصل ہورہی ہے اور ساتھ ساتھ فصل بھر پور پھل بھی اٹھارہی ہے۔ اس موقع پر سیکرٹری زراعت جنوبی پنجاب نے کہا کہ آئی پی ایم نمائشی پلاٹس پرمفید کیڑوں کی تعداد کو مدنظر رکھتے ہوئے آخری ہتھیار کے طور پر موثر اور آزمودہ زرعی زہر وں کے سپرے کرائے جائیں۔ سیکرٹری زراعت جنوبی پنجاب نے کاٹن ریسرچ انسٹیٹیوٹ ملتان میں قائم کاٹن کمپلینٹ /ایڈوائزری سیل کی کارکردگی پر اظہار ناپسندیدگی کیا۔ انہوں نے متعلقہ شعبہ کو ہدایت کہ اس کی کارکردگی میں بہتری لانے کیلئے تجاویز پیش کریں۔ انہوں نے اس ایڈوائزری سیل کی سوشل، پرنٹ و الیکٹرانک میڈیا کے ذریعے وسیع پیمانے پر تشہیر کرنے کی بھی ہدایت کی۔ کپاس کے کاشتکار اس نمبر پر 061-9200339پر سوموار سے جمعہ صبح 9 تا رات 9بجے تک رابطہ کرکے رہنمائی حاصل کرسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس ایڈوائزری سیل میں موجود افسران ڈویژنل ایکسپرٹس کی سفارشات کو مدنظر رکھتے ہوئے کاشتکاروں کی رہنمائی کریں۔ انہوں نے مزید کہا کہ فیلڈ فارمیشنز کاشتکاروں کو مذکورہ سیل کے بارے میں آگاہی دیں تاکہ کاشتکار کپاس کے بہتر نگہداشتی امور بارے بروقت فنی رہنمائی فراہم کرسکیں۔ انہوں نے ہدایت دی کہ محکمہ زراعت کے دفاتر کی نمایاں جگہوں پر ایڈوائزری بارے کاٹن کمپلینٹ /ایڈوائزری سیل بارے کاشتکاروں کو آگا ہ کیا جائے۔ اجلاس میں ایڈیشنل سیکرٹریز زراعت جنوبی پنجاب امتیاز احمد وڑائچ و طارق کریم کھوکھر، ڈپٹی سیکرٹریز ڈاکٹر حیدر کرار و محمد اقبال، محکمہ زراعت کے افسران شہزاد صابر، ڈاکٹر غلام عباس، ڈاکٹر خالد حسین، نوید عصمت کاہلوں و دیگرنے شرکت کی۔