Sunday, November 15, 2026 · Petrol Rs 330 · USD/PKR 276.62 · Gold Rs 411636/tola
Breaking
Soul City Holds Grand Launch Event at Prime Pine Avenue Location ECO Council of Ministers Meets in Islamabad From Sunday Supreme Court Says Time Cannot Erase Inheritance Rights World Bank Approves $300m for Rural Sindh Water and Sanitation Development Levy of Up to 10pc on Petrol and Diesel Vehicles Weather and Saud Shakeel Save First Test for Pakistan Pakistan Urges End to Attacks on Gulf States at UN Petrol Price Cut to Rs330 as Diesel Holds at Rs360 Government Speeds Groundwork for Referendum on New Provinces Mari Reports Copper and Gold Discovery in Chagai Weekly Inflation Falls 0.46pc as Fuel Cuts Reach the Basket Four Killed as Bannu Police Repel Checkpoint Attack Primary Surplus Beats IMF Target as Provincial Tax Goal Is Missed KSE-100 Recovers 500 Points on Chagai Copper Find FAA Lifts Nationwide Ground Stop After Communications Failure Disrupts US Flights USCIRF Raises Religious Freedom Concerns Over Detention of Muslim Activist Sharjeel Imam COP31 Could Open New Chapter in Pakistan–Türkiye Climate and Disaster Cooperation: Turkish Expert Mehmet Ozken Pakistani Man Dies Within 14 Hours of Deportation From US, Family Demands Answers Sindh to Move Official Vehicles to Electric Reserves Hold at $26.84 Billion as Central Bank Holdings Rise
Blog

سانحہ جناح ہاؤس کی چشم کشا رپورٹ۔ سئنیر صحافی قمرالزمان بھٹی کے قلم سے

آج میں اپنے صحافتی زندگی میں بطور رپورٹر جس سب سے بڑی خبر اور ایونٹ کو رپورٹ کی صورت میں منظر نامے کے طور پر ڈھالنے لگا ہوں وہ 9 مئی 2023 کو پیش آنے والا واقعہ ہے۔

لبرٹی چوک سے جناح ہائوس ( لاہور کینٹ ) تک جو ردعمل تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کی گرفتاری کے خلاف ہوا وہ کچھ اس طرح ہے۔

تمام میڈیا رپورٹرز کی طرح مجھے بھی یہ اطلاع ملی کہ عمران خان کو اسلام آباد ہائیکورٹ سے گرفتار کر لیا گیا ہے جس کے خلاف فوری احتجاج کے لئے پی ٹی آئی کے کارکنوں کو لبرٹی چوک پہچنے کی کال دی گئی ہے۔ پی ٹی آئی سینٹرل پنجاب کی صدر ڈاکٹر یاسمین راشد کی یہ کال تھی۔

میں اور میرا کیمرہ مین آصف جٹ اپنی اپنی بائیک پر مقررہ وقت پر لبرٹی چوک پہنچتے ہیں ۔وہاں ابھی لیڈر شپ نہیں پہنچی تاہم پی ٹی آئی لاہور کے صدر امتیاز شیخ اپنے کچھ کارکنوں کے درمیان نظر آئے جبکہ اس وقت تقریبا ڈھائی تین سو کارکن اور کچھ صحافی اور کچھ پی ٹی آئی کے اپنے سوشل میڈیا ایکٹوسٹ نظر آئے۔ اس وقت یہاں موجود ورکرز غصے میں بھی تھے اور پرجوش نعرے بازی بھی کررہے تھے۔ میں نے صورتحال کا جائزہ لیا اور فوری طور پر ایک ابتدائی اطلاعاتی “نیوز بیپر” احتجاج اور اس کے ماحول کے بارے میں ریکارڈ کرایا۔اس دوران مجھے ایک طرف پی ٹی آئی کی خواتین رہنمائوں کا ایک گروپ نظر آیا جس میں سابق ایم این اے ڈاکٹر سیمی اور ڈاکٹر نوشین حامد بھی موجود تھیں۔ موقع دیکھ کر میں نے فوری طور پر ڈاکٹر سیمی سے انٹرویو کیا جو غالبا دو ڈھائی منٹ کا تھا۔ اس میں انہوں نے عمران خان کی گرفتاری کے خلاف اسی نوعیت کا بیان دیا جو عام طور احتجاج کے دوران دیا جا سکتا ہے۔

اس میں انہوں نے کسی نوعیت کی اشتعال انگیزی کی بات نہیں کی ۔تاہم اسی دوران کچھ مظاہرین نے نعرے بازی شروع کردی جس میں اچانک ایک دو نوجوانوں نے یہ نعرہ لگا دیا ( یہ جو دھشت گردی ہے اس کے پیچھے وردی ہے ) پھر یہ نعرہ کورس کی صورت میں لگنے لگا ۔پھر انہی نوجوانوں میں سے کسی نے کہا ہم یہاں کیوں احتجاج کر رہے ہیں ہمیں کور کمانڈر ہائوس جانا چاہیے ۔

ابھی یہ صورتحال جاری تھی کہ میں نے دیکھا کہ پی ٹی آئی پنجاب کے سابق صدر اور سابق ایم این اے شفقت محمود وہاں آگئے میں فوری ان کی طرف لپکا اور ان سے احتجاج اور تازہ ترین ماحول کے بارے میں سوال کیا جس پر شفقت محمود نے مختصر جواب دیتے ہوئے کہا کہ ایک سیاسی جماعت کے طور پر وہ صرف احتجاج ہی کر سکتے ہیں ۔ ابھی میں ان کا مختصر انٹرویو کر کے فارغ ہوا تو میرے کیمرہ مین نے کہا کہ یہاں شائد جامرر ہیں اور انٹرویو دفتر سینڈ نہیں ہو رہے اس لئے موٹر سائیکل نکالو اور تھوڑا اس ایریا سے ہٹ کر ان دو انٹرویوز اور بیپر رپورٹ کو سینڈ کرتے ہیں ،لہذا میں نے اپنی موٹر بائیک نکالی اور ہم دونوں لبرٹی چوک سے ذرا پیچھے قذافی سٹیڈیم کے گول چکر کی طرف گئے اور گول چکر سے آگے جیسے ہی قذافی سٹیڈیم کو جانے والے گیٹ کے اندر داخل ہوئے تو انٹرنیٹ سگنلز نے کام شروع کردیا اور میرے دونوں انٹرویوز اور بیپر سینڈ ہوگے ۔

واپس دو بارہ لبرٹی چوک کی آتے ہوئے میں ںے قذافی سٹیڈیم کے گیٹ کے ساتھ پولیس کی دو تین گاڑیوں اور کچھ پولیس ملازمین کو دیکھا جو غالبا عوامی غیض و غضب سے بچنے کے لئے امام حسین روڈ پر کھڑے تھے۔ میں نے صورتحال کی نزاکت کو سمجھتے ہوئے ان پولیس والوں سے پوچھا کہ وہ اس احتجاج کو روکنے اور انہیں گرفتار کرنے کا کوئی ایکشن کر سکتے ہیں یا نہیں جس پر انہوں نے اشارے سے اپنی بے بسی کا اظہار کیا ۔ پھر ہم جیسے ہی دو بارہ لبرٹی چوک پہنچے تو یہاں مظاہرین کی تعداد چھ سات ہو چکی تھی جبکہ ڈاکٹر یاسمین راشد اپنی گاڑی پر سوار پہنچ چکی تھیں۔

ان کی گاڑی کا سن روف کھلا تھا اور ڈاکٹر یاسمین راشد اس میں سے اپنا سر اور آدھا دھڑ باہر نکالے مظاہرین کے نعروں کا جواب دے رہی تھیں اور ان کا گاڑی لبرٹی گول چکر سے دو چار میٹر آگے مین بلیوارڈ گلبرگ پر کھڑی تھی جبکہ عندلیب عباس نیچے سڑک پر کھڑے نعرے لگوا رہی تھیں۔اب کچھ ہی دیر میں ان مظاہرین نے پیدل چلنا شروع کر دیا اور ان کا رخ مین بلیوارڈ گلبرگ سے جیل روڈ کی طرف تھا۔ میں نے اور میرے کیمرہ مین نے حالات کی نزاکت کو بھانپتے ہوئے احتجاجی مظاہرین سے آگے موٹر بائیک رکھنے کا فیصلہ کیا۔ پھر ہم نے مین بلیوارڈ پر آوور ہیڈ برج سے مظاہرین کے بارے میں بیپر رپورٹ ریکارڈ کرانے کا فیصلہ کیا ۔

لہذا جلدی جلدی بائیک دوڑائی اور پل سے بیپر ریکارڈ کرایا جس میں احتجاج کی منظر کشی اور مظاہرین کے غم غصے کو رپورٹ کرتے ہوئے اس خدشے کا آظہار کیا کہ مظاہرین کینٹ ایریا کی طرف رخ کر سکتے ہیں اور اس کے ردعمل میں مظاہرین اور پولیس کے درمیان کینٹ ایریا سے پہلے اسی مین بلیوارڈ گلبرگ پر ٹکرائو بھی ہوسکتا ہے جس سے یہاں آنسو گیس شیلنگ اور پولیس پر پتھرائو سے سارا جنگی ماحول بن سکتا ہے۔ اس بیپر کو ریکارڈ کرانے کے بعد ہم مظاہرین سے آگے آگے پھر بائیک پر سوار مین بلیوارڈ گلبرگ سے کینٹ کی طرف جانے والے پل پر چڑھ گئے ۔ جہاں اوپر جا کر ہم کھڑے ہوگئے ۔ ہمارے سے پہلے ایکسپریس نیوز کے سینئر کیمرہ مین رضوان انور پل پر کھڑے ویڈیو کلیپ بنا رہے تھے۔ جبکہ ہمارے آگے اے آر وائے نیوز کی ڈی ایس این جی بھی پل پر آ کر کھڑی ہوگئی ۔ کچھ ہی دیر بعد مظاہرین بھی مین بلیوارڈ گلبرگ سے جیل روڈ پہنچ گئے اور انہوں نے کینٹ کی طرف رخ کر لیا ۔تاہم مظاہرین پل پر نہیں بلکہ نیچے سڑک کے ذریعے رواں دواں رہے ۔


کینٹ ایریا کی کوریج کرنے والے تمام رپورٹرز اور میڈیا ورکرز کینٹ ایریا کی کوریج کے تمام ایس او پیز سے بخوبی واقف ہیں ۔انہیں پتہ ہے کہ کینٹ ایریا میں کیمرہ اور کیمرہ ٹیم کو جانے سے قبل باقائدہ اجازت لینا ہوتی ہے اور اس کے لئے عام طور پر کسی بھی ایونٹ کی کوریج کے لئے پہلے احساس ادارے کی بیٹ کرنے والے رپورٹرز کے ذریعے اطلاع دی جاتی ہے ۔اجازت ملنے پر میڈیا ٹیم چیک پوسٹ پر ضروری کاغذات ،جیسے آئی ڈی کارڈ نمبر اور میڈیا ٹیم کے کے نام لکھوا کر طے شدہ ایونٹ کے مقام کی طرف روانہ ہوتی ہے ۔ان تمام ایس او پیز سے آگاہی کے باعث مجھ سمیت میرے کیمرہ مین ۔ایکسپریس نیوز کے کیمرہ مین رضوان انور اور اے آر وائے کی ڈی ایس این جی کا ڈرائیور پل سے اتر کر گاڑی اور بائیک سائیڈ پر لگا کر کھڑے ہوگئے جبکہ میں نے اس خیال سے اب یہاں یا شیر پاؤ پل کے آگے پولیس یا رینجرز یا فوج مظاہرین کو روکیں گے جس سے ٹکرائو کی صورت پیدا سکتی ہے اس لئے میں نے احتیاط اختیار کرتے ہوئے اپنی موٹر بائیک کو فٹ پاتھ کراس کر کے سڑک کے دوسری طرف صدیق سینٹر کے قریب لگا کر لاک کردیا اور وآپس مظاہرین کے ساتھ ہو لیا ۔ جوں جوں مظاہرین شیر پاؤ پل کی طرف بڑھنے لگے تو ہم بھی ساتھ ساتھ چلنے لگے ۔ جیسے ہی ہم نے شیر پاؤ پل کراس کیا تو یہ منظر ہم سب میڈیا والوں کے لئے حیران کن تھا کہ وہاں موجود چیک پوسٹ اور اس کے ارد گرد بلکہ کہیں دور تک کوئی رکاوٹ موجود نہ تھی۔

میدان کھلا تھا ۔ ہم پی ٹی آئی مظاہرین کو فالو کرتے ہوئے غالبا عابد مجید روڈ یا شامی روڈ تک آئے ۔اس دوران جنگی ترانوں سے لیس ایک ڈی جے گاڑی “چاگ اٹھا ہے سارا وطن ساتھیوں مجاہدو” کے ساتھ لوڈ سپیکر کی تیز آوار میں ڈاکٹر یاسمین راشد کی گاڑی کے ساتھ آگئی ۔میان محمود الرشید بھی اپنے ساتھیوں کے ہمراہ پہنچ گئے ۔سینٹر اعجاز احمد اور دیگر لیڈر بھی آئے ۔ اس تمام منظر میں میرے کیمرہ مین نے کہا کہ ہم نے بائیک پیچھے چھوڑ کر غلطی کی ہے آئو پہلے موٹر بائیک ہے آئیں ۔سو ادھر سے وآپسی کا فیصلہ کیا اور جیل روڈ کی طرف جاتے ایک مؤثر سائیکل والے کو روکا اور میں اس سے لفٹ لے کر اپنی بائیک تک پہنچا جبکہ میرے پیچھے میں میرا کیمرہ مین بھی آگیا ۔اب ہم دو بارہ شیر پاؤ پل کے راستے کینٹ ایریا میں آ چکے تھے ۔ آگے سڑک کی ٹکر پر پی ایس او کے پیٹرول پمپ سے مال آف لاہور کی طرف مڑ گئے جدھر مظاہرین رواں دواں تھے۔ پھر مال آف لاہور کے سامنے ڈاکٹر یاسمین راشد کی گاڑی روکی تھی۔ مظاہرین نعرے بازی کر رہے تھے۔ اس دوران میں نے پہلی مرتبہ ڈاکٹر یاسمین راشد کو مائیک پر یہ کہتے سنا کہ کوئی اندر نہیں جائے گا۔ ہم پر امن لوگ ہیں اور ہم پر امن احتجاج کے لئے آئے ہیں۔

ہمارے لیڈر عمران خان نے ہمیں پر امن احتجاج کے لئے کہا ہے ۔مگر اس وقت شائد کوئی بھی ڈاکٹر یاسمین راشد کی آواز سننے کو تیار نہ تھا اور شائد اسی لئے ڈاکٹر یاسمین راشد کا اگلا جملہ صرف یہ تھا کہ میرا کام آپ کو روکنا تھا اب آپ روکیں یا نہ روکیں یہ آپ کی مرضی۔

ڈاکٹر یاسمین راشد کی اس بے بسی کو دیکھ اس وقت میرا ذہن میں یہ خیال کہ کاش ڈاکٹر یاسمین راشد اب جو جناح ہائوس کے باہر حملہ آوروں کو روکنے کے اعلانات کررہی ہیں اگر یہی اپیل اپنے لوگوں سے لبرٹی چوک میں کر دیتیں کہ ہمارے آج کے احتجاج کا مرکز لبرٹی چوک ہے اور ہم نے ادھر کی کال دی ہوئی ہے اور اس کے علاوہ آج ہم نے کسی دوسرے ۔مقام پر نہیں جانا تو شائد یہ سانحہ نہ ہوتا ۔۔۔۔۔۔! کاش ڈاکٹر یاسمین راشد نے ایسا سوچا اور ایسے ہی کیا ہوتا۔!

Hamza Azhar SalamEditor — Hamza Azhar Salam · Write to us with suggestions or tips
Powered by: Frontpage.dev
WP Twitter Auto Publish Powered By : XYZScripts.com