دکانوں کو تالے کاروبار بند ہونے سے کاشتکاروں کو شدید پریشانی کا سامنا ۔مطالبات نہ مانے گئے تو ہڑتال جاری رکھیں گے۔صدر پیسٹی سائیڈ اعظم مہروی۔
حکومت کی جانب سے بے جا مداخلت اورمحکمہ زراعت کی جانب سے مبینہ طور حراساں کرنے کے خلاف پیسٹی سائیڈ ڈیلرز پنجاب بھر کی طرح پاکستان کراپ پروٹیکشن ایسوسی ایشن اور پیسٹی سائیڈ ڈیلرز ایسوسی ایشن کے مرکزی صدر میاں مقبول احمد جاوید کی ہدایت پر پیسٹی سائیڈ ایسوسی ایشن لودھراں کی شٹر ڈائون ہڑتال دوسرے روز بھی جاری رہی اورپیسٹی سائیڈ ڈیلرز نے دکانوں کو تالے لگا کر کاروباربند کر کے احتجاج کا سلسلہ جاری رکھا ۔
احتجاج کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے ضلعی صدر پیسٹی سائیڈ ڈیلرز ایسوسی ایشن ملک محمد اعظم مہروی نے کہا کہ ہم لاکھوں کروڑوں روپے انوسٹ کر کے با عزت کاروبار کر رہے ہیں اور گورنمنٹ کی طرف سے کے رجسٹرڈ اور لائسنس یافتہ ہیں۔کسانوں کو معیاری زرعی ادویات کی فراہمی ہماری اولین ترجیحی ہے مگر محکمہ زراعت اور دیگر اداروں کی جانب سے ہمیں حراساں نہ کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ حکام بالا پیسٹی سائیڈ ڈیلرز کے ساتھ ناجائز طور حراساں کرنے اور تضحیک آمیز رویہ اختیار کرنے کا نوٹس لیں۔محکمہ زراعت اپنی نا اہلیوں کو چھپانے کیلئے ہم پر نزلہ نہ ڈالے ۔ ناجائز جرمانے ،غیر قانونی گرفتاریاں اور مقدمات کے اندراج کا سلسلہ بند کرے
انہوں نے کہا کہ اگر مطالبات تسلیم نہ کیئے گئے تو مرکزی صدر کی ہدایات پر ہڑتال اور احتجاج کا سلسلہ جاری رکھیں گے۔دکانوں کو تالے لگا کر کاروبار بند کرنے سے کاشتکاروں کو بھی شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑا اور کسان اپنی فصلوں کو کیڑے مکوڑوں سے بچانے کیلئے زرعی ادویات کے حصول میں مارے مارے پھر تے رہے۔