
لودھراں: امریکی قونصل جنرل لاہور ولیم کے میکانول نے اپنی ٹیم کے ہمراہ گزشتہ روز لودھراں کا دورہ کیا۔ جہانگیر خان ترین کی زیر نگرانی چلنے والے سماجی ادارے ایل پی پی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈاکٹر عبدالصبور کی خصوصی دعوت پر ولیم کے میکانول نے ہیڈ آفس ایل پی پی میں بزنس کمیونٹی سے ملاقات کی۔
لودھراں کے تاجران نے انہیں لودھراں کی تاجر برادری کو درپیش مسائل سے آگاہ کیا۔ امریکی قونصل جنرل نے یقین دہانی کرائی کہ ان مسائل کے حل میں اپنا بھرپور کردار ادا کرونگا۔ امریکی قونصل جنرل نے لودھراں پائلٹ پراجیکٹ کی جانب سے 100 چک لودھراں میں لگائے گئے ڈاکٹر میواکی اربن فاریسٹ کا بھی دورہ کیا۔ غیر ملکی مہمانوں کو ایک پی پی کی جانب سے ٹرانسجینڈرز کے لیے لگائے گئے شہد کی مکھیوں کے فارم کا بھی وزٹ کرایا گیا۔
بعد ازاں امریکی قونصل جنرل ولیم میکانول نے ترین کرکٹ اکیڈمی کا دورہ کیا جہاں انہوں نے لودھراں پبلک سکول اور ترین ایجوکیشن فاؤنڈیشن کے درمیان میچ میں بطور کھلاڑی حصہ لیا۔ ترین کرکٹ اکیڈمی کی منیجمنٹ کے اراکین ڈاکٹر عبدالصبور نے انہیں ترین کرکٹ اکیڈمی میں جنوبی پنجاب کے کھلاڑیوں خاص طور پر خواتین کرکٹ کے فروغ کے لیے کیے گئے اقدامات بارے بریفنگ دی۔ معزز مہمانوں نے لودھراں ترین کرکٹ اکیڈمی میں فراہم کی جانے والی سہولیات پر ترین کرکٹ اکیڈمی کی انتظامیہ کی کاوشوں کو سراہا۔